چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے مصر کے سفیر احمد محمد فضل یعقوب کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ کا باقاعدہ سیاسی رابطوں کا آغاز،پارلیمان ہی سیاسی مسائل کے حل کے لیے موزوں فورم ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے مصر کے سفیر احمد محمد فضل یعقوب نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ مصر اور پاکستان کے تعلقات کی بنیاد سیاسی، سماجی و ثقافتی مماثلتوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مصر کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ مصر کی قدیم تہذیب اور تمدن کے اثرات پورے خطے میں آج بھی واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاکستان مصر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ عالمی وعلاقائی تناظر کو سامنے رکھتے ہوئے پاک مصر تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کو بروے کار لاتے ہوئے عوامی سطح پر تعلقات کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پارلیمانی و ادارہ جاتی روابط کے ذریعے مسائل کے حل اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباءکیلئے جامعہ الازہر میں سکالر شپس کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ اس وقت باہمی اختلافات کا شکار ہے، مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔ جنگ مسائل کا حل نہیں، پرامن مذاکرات کی ترقی کی راہیں ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کے اتحاد کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ مصر کے سفیر نے پاک مصر تعلقات کو آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔