کلبھوشن یادیو کیس میں مسلم لیگ (ن) نے بگاڑا، عالمی عدالت انصاف کے احکامات پر عمل کررہے ہیں، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی

ملتان۔13جون (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے مقدمے میں ہم عالمی عدالت انصاف کے احکامات اورسفارشات پر عملدرآمد کررہے ہیں ۔

اتوار کی صبح شاہ رکن عالم کالونی ملتان میں پارک کے منصوبے کاسنگ بنیاد ر کھنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ کلبھوشن یادیو کاکیس مسلم لیگ (ن)نے بگاڑاتھا۔

اپوزیشن کو اس حوالے سے بیان بازی کرکے ناسمجھی کا ثبوت نہیں دینا چاہیے اوربھارت کی چالوں کوسمجھنا چاہیے ، بھارت تو چاہتا ہے کہ ہم کلبھوشن یادیو کو قونصل رسائی نہ دیں تاکہ وہ دوبارہ ہمیں عالمی عدالت انصاف میں گھسیٹ سکے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا امریکا کو ہوائی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں، امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے چیف کا دورہ پاکستان کوئی خفیہ دورہ نہیں،نہ ہی یہ ان کا پہلا یا آخری دورہ ہے۔چین کے خلاف جی سیون ممالک کے اقدامات سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اقدام جن سے ترقی پذیرممالک میں ترقی ہو اس سے ہمیں خوشی ہوگی،

ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے منصوبے کے اقدام سے چین کو کوئی خطرہ نہیں، چین سی پیک کا اپنا کام کررہا ہے اور کرتا رہے گا، جی سیون ممالک اس طرح کے پروجیکٹ کرنا چاہتے ہیں تو یہ اچھا مقابلہ ہوگا۔

پیپلزپارٹی کے رہنماخورشید شاہ کے بیٹے کی گرفتاری کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ احتساب کاعمل جاری ہے ۔حکومت انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ اگر وہ بے گناہ ہیں تو ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔وزیراعظم عمران خان نے واضح طورپر کہہ دیا ہے کہ نہ وہ کسی کےدباومیں آئیں گے او ر نہ کسی کو این آر او دیں گے۔دفاعی بجٹ کے حوالے سے احسن اقبال کے بیان پر انہوں نے کہاکہ احسن اقبال نے بجٹ کی کتاب پڑھی اور نہ ہی تقریر سنی ۔ انہیں چاہیے کہ بیان دینے سے پہلے بجٹ کی کتاب تو پڑھ لیتے۔انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ نے واضح طورپر کہا ہے کہ حکومت منی بجٹ کاکوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کوروناسے بچاوکیلئے سعودی حکومت نے حج محدودکرنےکافیصلہ کیا ہے جس کے تحت صرف 60ہزار مقامی لوگوں کو حج کی اجازت دی گئی ہے، سعودی حکام کی جانب سے عالمی وبا کو سامنے رکھتے ہوئے حج سے متعلق احتیاطی اقدام اٹھا یا گیا ہے اور کورونا کی مختلف اقسام کی وجہ سے غیر ملکیوں کے آنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ملتان میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیراعظم کے حکم پرڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیاں بنائی گئی، کمیٹیاں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گی