کورونا وباء کی صورتحال کے پیش نظر ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، عوام تعاون کریں ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران لاک ڈائون کا مقصد لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا محدود کر کے بیماری کی کمر توڑنا ہے، کورونا وباء کی صورتحال کے پیش نظر ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، عوام تعاون کریں اور موجودہ حالات میں عید سادگی سے منائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ا

نہوں نے کہا کہ گزشتہ برس عید سے پہلے اور عید کے دوران کی صورتحال کی وجہ سے ملک میں کورونا کی پہلی لہر کے دوران مثبت کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا، گزشتہ برس کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال عید سے پہلے اور عید کے دوران لاک ڈائون کی پالیسی نافذ کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ برس عید کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے ہمیں سبق سیکھنا ہوگا، عوام سے اپیل ہے کہ اس سال عید سادگی کے ساتھ منائیں اور عید کے موقع پر روایتی جوش و خروش اور میل جول سے اجتناب کرنا چاہیے، کورونا وباء سے محفوظ رہنے کا واحد حل اپنے آپ کو محدود رکھنا اور احتیاط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تاجر برادری کی مشکلات کا ادراک ہے لیکن کورونا وباء سے محفوظ رہنے کے لئے سخت فیصلے لینا پڑے، آئندہ چند روز تک کاروباری سرگرمیاں بند کی جائیں گی اور مقامی انتظامیہ اس حوالے سے پابندیوں پر عملدرآمد کروائے گی، پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے بھی کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وباء کے حوالے سے مکمل آگاہی اور گفتگو کر کے تاجر برادری سے حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں پر عمل کرایا جا سکتا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی بھی کی جا سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ برس کے اسی دورانیہ کے مقابلے میں اس سال صحت کے نظام میں تقریباً 7000 نئے آکسیجن بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال آکسیجن کی پیداوار میں تقریباً 66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔