صدر ڈاکٹر عارف علوی سے اردن کے چئیرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف، میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی کی ملاقات

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اردن کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اردن کے ساتھ باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردن کے چئیرمن جائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف الحنیتی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات مشترکہ ثقافت اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ خیالات پر مبنی ہیں،دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کو معلومات ، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی سے محروم کررکھا ہے، بین الاقوامی برادری بھارت کو کشمیر کی مسلمان آبادی کے خلاف پابندیاں ختم کرنے پر مجبور کرے۔صدر مملکت نے مشرق وسطی میں امن و استحکام کے لئے اردن کی کوششوں کی تعریف کی۔