رواں برس شیڈول بگ بیش لیگ کے دورانیے میں 2 ہفتوں کی کمی کا اعلان، کرکٹ آسٹریلیا

کینبرا ۔ 9 اگست (اے پی پی) کرکٹ آسٹریلیا نے رواں برس شیڈول بگ بیش لیگ کے دورانیے میں دو ہفتوں کی کمی کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ مداحوں، براڈ کاسٹرز اور کھلاڑیوں کی آرا کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ رواں سال بگ بیش لیگ ٹورنامنٹ 54 کی بجائے 42 دن پر مشتمل ہو گا جو کہ 17 دسمبر سے 27 جنوری تک کھیلا جائے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ سال کئی کھلاڑیوں اور ایڈمنسٹریٹرز نے بی بی ایل کے طویل دورانیے پر بات کی تھی جس پر شائقین، براڈ کاسٹرز اور کھلاڑیوں سے رائے طلب کی تھیں اور سب نے مثبت فیڈ بیک دی ہے جس کی روشنی میں لیگ کے دورانیے میں دو ہفتوں کی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فرنچائزز 4 کی بجائے 6 غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاہدہ کر سکیں گی۔