شاداب خان انجری مسائل کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف اورآئندہ زمبابوے کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے

جوہانسبرگ۔5اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان انجری مسائل کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف جاری سیریز اور آئندہ زمبابوے کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئےہیں۔ پاکستان کرکٹ بور ڈ (پی سی بی )نے تصدیق کی ہے کہ آل راؤنڈر شاداب خان اپنے بائیں پاؤں میں انجری کے باعث چار ہفتوں کے لیے مسابقتی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے، لہٰذا وہ جنوبی افریقا کے خلاف حالیہ سیریز کے بقیہ میچز اور آئندہ دورہ زمبابوے سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔

لیگ سپنر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بیٹنگ کے دوران بائیں پاؤں پر گیند لگنے کے باعث انجری کا شکار ہوئے۔انجری کا شکار ہونے پر شاداب خان کا ایکس رے کروایا گیا، جس میں انٹرا آرٹیکلور کیمونیکیٹڈ فریکچر تشخیص ہوا ہے، لہٰذا انہیں چار ہفتوں کے لیے ری ہیب تجویز کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق شاداب خان کا علاج کیا جائے گا اور ان کو بحالی صحت کے لئے آئندہ چار ہفتے درکار ہوں گے ۔اس سے قبل شاداب خان کو رواں سال کے شروع میں ران کی انجری ہوگئی تھی جس نے انہیں نیوزی لینڈ ٹیسٹ اور جنوبی افریقاکے خلاف ہوم سیریز سے باہر کردیا تھا۔