پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

سنچورین۔7اپریل (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی، 321 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں جنوبی افریقہ 292 رنز پر آئوٹ ہوگئی، فخر زمان نے مسلسل دوسری سنچری سکور کی، بابراعظم 94 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بابر اعظم کو مین آف دی میچ جبکہ فخر زمان کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈدیا گیا۔

بدھ کو سنچورین میں کھیلے گئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 بنائے۔ پاکستان کی اوپننگ جوڑی فخر زمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 112 رنز بنائے، یہ دونوں اوپنرز کی پانچویں سنچری شراکت داری تھی۔ امام الحق 57 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی بال پر آئوٹ ہوئے۔

امام الحق کے آئوٹ ہونے کے بعد فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل دوسری سنچری سکور کی، ان کی اننگز میں3 چھکے اور9 چوکے شامل تھے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 206 کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان 101 رنز بنا کر کیشوو مہاراج کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں، وہ اننگز کی آخری بال پر کیچ آئوٹ ہوئے۔

حسن علی نے آخری لمحات میں11 بالوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے جے جے سمٹ کو ایک اوور میں 4 شاندار چھکے بھی لگائے۔ پاکستان کا مڈل آرڈر ایک مرتبہ پھر قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ محمد رضوان 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔طویل عرصہ کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے سرفراز احمد بھی 13 رنز بنا سکے جبکہ فہیم اشرف ایک اور محمد نواز 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج نے3 اور مارکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جے جے سمٹ اور فلہوکوایو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 292 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر جانیمن ملان نے 9 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، وہ محمد نواز کی بال پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔

کیل ویرائن نے آل رائونڈر فلہوکوایو کے ساتھ مل کر 108 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ کیل ویرائن 62 رنز بنا کر حارث رئوف کی بال پر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں تین چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔ فلہوکوایو تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر حسن علی کی بال پر آئوٹ ہوئے۔

مارکرم 18 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ کپتان ٹیمبا باووما 20 ، کیشو مہاراج 19، جے جے سمٹ 17 رنز ، ہینرک کلاسین 4 اور ڈیرن ڈوپاولون 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، حارث رئوف نے دو جبکہ حسن علی اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دے کر تین ون ڈے میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ بابر اعظم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ اورفخر زمان کو مین آف دی سیریز کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔