پاکستان نے ہرارے ٹیسٹ میں زمبابوے کو اننگز اور 116 رنز سے ہرا دیا، حسن علی کی میچ میں 9 وکٹیں، مرد میدان قرار پائے، فواد عالم نے 140 رنز بنائے

ہرارے۔1مئی (اے پی پی):پاکستان نے فواد عالم شاندار بیٹنگ اور حسن علی کی عمدہ بائولنگ کی بدولت زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میچ میں بآسانی اننگز اور 116 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم زمبابوے اپنی دوسری اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ حسن علی نے تباہ کن بائولنگ کی 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، قبل ازیں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 426 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ فواد عالم نے 140 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

حسن علی کو میچ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو ہرارے سپورٹس کلب میں ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 374 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 250 رنز کی برتری کے ساتھ 426 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ فواد عالم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 140 رنز بنائے۔ انہیں بلیسنگ مزرابانی نے آئوٹ کیا۔ حسن علی30 ، نعمان علی صفر اور ساجد خان 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

زمبابوے کی طرف سے بلیسنگ مزرابانی نے چار، ڈونلڈ ترپانو نے تین اور رچرڈ نگروا نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ زمبابوے کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ تاریسائی مساکنڈا 43، کپتان برینڈن ٹیلر 29 اور کیون کسوزا 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بائولرز کو جم کر نہ کھیل سکا۔ ملٹن شومبا 4، رائے کایا صفر، ڈونلڈ تریپانو 2 ، ٹینڈائی چسرو صفر، بلیسنگ مزرابانی 2 اور رچرڈ نگروا 5 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ حسن علی نے 36 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نعمان علی نے دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔