آئی سی سی کا دنیا کے نمبر ون بلے باز بابراعظم کو خراج تحسین

آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ، بابراعظم بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان

دبئی۔15اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے دنیا کے نمبر ون بلے باز بابراعظم کی ویڈیو اور خوبصورت تصویر جاری کرکے خراج تحسین پیش کیا۔

جمعرات کو آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر قومی ٹیم کے کپتان کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آنے کے بعد ایک ویڈیو جاری کی جس میں بابراعظم دنیا بھر کی ٹیموں کے خلاف زبردست شارٹس کھیلتے نظر آرہے ہیں۔

آئی سی سی نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں بابراعظم کی ایک خوبصورت تصویر بھی جاری کی ہے جس میں بابراعظم کے ساتھ 2003ء میں ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آنے والے محمد یوسف بھی موجود ہیں۔

آئی سی سی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آخری مرتبہ نمبر ون بننے والے محمد یوسف اور حال ہی میں نمبر ون بننے والے بابراعظم ایک دوسرے کو اعزاز سے نوازتے ہوئے۔ واضح رہے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بلے باز ہیں۔

بابر اعظم سے قبل یہ اعزاز ظہیر عباس، جاوید میانداد، محمد یوسف اپنے نام کرچکے ہیں۔ محمد یوسف نے 18 سال قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔