بابراعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے کامیاب ترین بلے باز

سنچورین۔17اپریل (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز جبکہ حسن علی کامیاب ترین بائولر رہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے بازبابر اعظم نے 52.5 کی اوسط سے210 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

انہیں سیریز کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مارکرم 179 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے مسلسل تین نصف سنچریاں سکور کیں۔ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 147 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

بائولنگ میں قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی اور جنوبی افریقہ کے لیزاڈ ولیمز نے 7 ، 7 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز5 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمایاں بائولر رہے۔