تابش خان جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے36 سالہ فاسٹ بائولر تابش خان قومی سکواڈ میں شامل ہوگئے۔ جمعہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے تابش خان 8 سال سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے طویل فرسٹ کلاس کیریئر میں 598 وکٹیں حاصل کیں، تابش خان رواں سیزن میں 30 وکٹیں حاصل کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے عہدہ پر آتے ہی مسلسل نظر انداز کئے جانے والے تابش خان کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا۔ تابش خان کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے چیف سلیکٹر نے کہا کہ تابش خان کو سہیل خان پراس لئے ترجیح دی کیونکہ وہ پاکستان کے حالات میں زیادہ موثر اور کارآمد ثابت ہوں گے۔ محمد عباس کی طرح تابش خان بھی لمبے سپیل کرانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالرنے فرسٹ کلاس کیرئیر میں کل 598 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں