جنوبی افریقہ کے خلاف 20 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

کراچی ۔15جنوری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، اعلان کردہ اسکواڈ میں 9 کھلاڑی ایسے ہیں جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے،دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میںجمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بتایا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین: بابر اعظم ( سنٹرل پنجاب) اسکواڈ کے کپتان ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میںاوپنرز عابدعلی (سنٹرل پنجاب)، عمران بٹ (بلوچستان)، عبداللہ شفیق (سنٹرل پنجاب)، مڈل آرڈر بیٹسمین اظہر علی (سنٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، کامران غلام (خیبر پختونخوا)، سلمان علی آغا (سدرن پنجاب)، سعود شکیل (سندھ)، آلرائونڈرز فہیم اشرف (سنٹرل پنجاب)، محمد نواز (ناردرن)، وکٹ کیپرز محمد رضوان (نائب کپتان ، خیبر پختونخوا)، سرفراز احمد (سندھ)، اسپنرز: نعمان علی (ناردرن)، ساجد خان(خیبر پختونخوا)اور یاسر شاہ(بلوچستان)، فاسٹ بالرز حارث رف (ناردرن)، حسن علی(سنٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (خیبر پختونخوا)اور تابش خان (سندھ) کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے قومی اسکواڈ 19 جنوری کو بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوگا اور 16 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کئے گئے 9 نئے کھلاڑیوں میں اوپنرز عبداللہ شفیق اور عمران بٹ کے علاوہ مڈل آرڈر بیٹسمین کامران غلام، سلمان علی آغا اور سعود شکیل سمیت اسپنرز نعمان علی، ساجد خان ، فاسٹ بالرز تابش خان اور حارث رف شامل ہیں،ان کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن 21-2020
میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بدولت قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلرائونڈر حسن علی کی دو سال بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، قائداعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آلرائونڈر حسن علی کو ٹورنامنٹ اور فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا،اس سے قبل 9 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حسن علی نے آخری مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، انہوں نے قائداعظم ٹرافی میں 43 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 273 رنز بھی بنائے تھے، ایونٹ کے فائنل میں 129 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی نے دوسری اننگز میں 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ محمد وسیم نے کہا کہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں کم بیک کرنے والے دوسرے کھلاڑی محمد نوازہیں، جنہوں نے قائداعظم ٹرافی میں 744 رنز بنانے کے ساتھ 22 وکٹیں اپنے نام کیں، انہوں نے ایونٹ کے دوران دو مرتبہ ایک اننگز میں 5وکٹیں حاصل کی تھیں، انہوں نے آخری مرتبہ 2016 شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں دو آلرائونڈرز محمد نواز اور فہیم اشرف کے علاوہ کل 3 اوپنرز، 6 مڈل آرڈر بیٹسمین، 2 وکٹ کیپرز، 3 اسپنرز اور 4 فاسٹ بالرز شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حارث سہیل، محمد عباس، شان مسعود اور ظفر گوہر کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کردیاگیا ہے۔ حارث سہیل، محمد عباس اور شان مسعود کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹرلاہور میں طلب کرلیا گیا ہے، این ایچ پی سی کے کوچزان تینوں کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں پر ان کے ساتھ کام کریں گے۔کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ظفر گوہر سلیکٹرز کے طویل مدتی پلانزکا حصہ ہیں تاہم فی الحال ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لیے انہیں بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان فاسٹ بالرنسیم شاہ کی جانب سے ہیمسٹرنگ کی شکایت کرنے پر ان کا نام سلیکشن کے لیے زیرغور نہیں لایا گیا، وہ جلد نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کردیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ 9 کھلاڑی اب کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 9 کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں تاکہ وہ مستقل جگہ بناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے کوویڈ 19 کی عالمی وبا کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور پھر شاندار کارکردگی کی بدولت قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے، ان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ایک بار پھر یہ واضح ہوگیا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی قدر کی جاتی رہے گی، جو کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ جو کھلاڑی قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، وہ پرعزم رہیں اور اپنی فارم اور فٹنس پر کام کرتے رہیں کیونکہ ابھی رواں سال پاکستان کو بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور لہذا ممکنہ طور پر انہیں دیگر مواقع پر نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شان مسعود، محمد عباس اور حارث سہیل کی کارکردگی میں تسلسل نہیں تھا، جس کے باعث انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے تاہم پی سی بی نے ان کھلاڑیوں پر بہت سرمایہ کاری کررکھی ہے ، لہذا انہیں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں مدعو کرلیا گیا ہے جہاں موجود کوچز ان کی تکنیکی خامیوں پر کام کریں گے۔ محمد وسیم نے کہا کہ شان مسعود کی کارکردگی میں عدم تسلسل کے باعث عابد علی اب ایک نئے پارٹنر کے ساتھ میدان میں اتریں گے ، حال ہی میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے عبداللہ شفیق یا عمران بٹ (گزشتہ سیزن کے ٹاپ اسکورر)میں سے کوئی ایک کھلاڑی ان کے ساتھ اوپننگ کرے گا، اسی طرح کامران غلام 1249 رنز، سعود شکیل 970 رنزاور سلمان علی آغا 941 رنز اب اظہر علی ، بابر اعظم اور فواد عالم کے ہمراہ پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کو مزید تقویت بخشیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نسیم شاہ اور شاداب خان ری ہیب پروگرام کے باعث دستیاب نہیں ہیں لہذا سلیکٹرز نے آرم اسپنر نعمان علی ، آف اسپنر ساجد شاہ ، فاسٹ بالرز حارث رف اور تابش خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ابتدائی بیس رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپنر زاہد محمود کا کیس بہت مضبوط تھا تاہم ہم نیفی الحال چار ناتجربہ کار اسپنرز کے ساتھ سیریز میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، یاسر شاہ بین الاقوامی کرکٹ کے دبا کو سمجھتے ہیں اور وہ اس سطح پر تمام تر توقعات سے مکمل آشنا ہیں۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ انہوں نے تابش خان کو سہیل خان پراس لیے ترجیح دی ہے کیونکہ وہ پاکستان کے حالات میں زیادہ مثر اور کارآمد ہیں، محمد عباس کی طرح تابش خان بھی طویل اسپلز کرنے میں عبور رکھتے ہیں، دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالرنے فرسٹ کلاس کیرئیر میں کل 598 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ، جس میں سے 30 وکٹیں رواں سیزن میں حاصل کی گئی ہیں۔