دورہ جنوبی افریقہ، کھلاڑیوں نے کھیل کے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھائی، بابراعظم

سنچورین ۔16اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بلے بازوں اور بائولرز نے بہترین کارکردگی دکھائی، جب کھلاڑی تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی تو رزلٹ اچھا آتا ہے، شائقین کو گرائونڈ میں بہت مس کیا۔

جمعہ کو ٹی ٹونٹی سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابراعظم نے کہا کہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے سیریز کے دوران بہترین سہولیات مہیا کیں۔ مداحوں کو گرائونڈ میں بہت مس کیا لیکن سوشل میڈیا پر انہوں نے بہت سپورٹ کیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ ٹاپ آرڈر نے بہترین کارکردگی دکھائی، مڈل آرڈر کے آئوٹ ہونے سے پریشر بڑھ گیا۔ انہوں نے مڈل آرڈر کی مسلسل ناکامی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیٹھ کر بات کریں گے اور کوشش ہوگی کہ مڈل آرڈر کو اعتماد دیا جائے اور اچھے کمبی نیشن کے ساتھ دوبارہ کھیلیں گے۔

انہوں نے کہ ون ڈے سیریز میں فخر زمان نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ بائولرز نے بھی اچھا پرفارم کیا۔ جب کھلاڑی تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائیں تو رزلٹ اچھا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنی پرفارمنس کا سو فیصد رزلٹ دوں اور کھیل سے لطف اٹھائوں۔ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتا ہوں۔