پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا‘ جنوبی افریقی ہیڈ کوچ مارک بائوچر

جوہانسبرگ۔14جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک بائوچر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، ٹیم کی توجہ صرف کرکٹ پر ہوگی، بھارت اور سری لنکا کی نسبت پاکستان کی وکٹیں فاسٹ بائولنگ کے لئے سازگار ہوتی ہیں۔ جمعرات کو دورہ پاکستان کیلئے روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے پورا اعتماد ہے، وہاں پہنچ کر صرف اور صرف کرکٹ کھیلنی ہے۔ جنوبی افریقی کوچ نے کہا کہ بھارت اور سری لنکا کی نسبت پاکستان میں وکٹیں فاسٹ بائولنگ کے لئے سازگار ہوتی ہیں اور ریورس سوئنگ میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے حالات اور ایس او پیز کی وجہ سے دیکھنا ہوگا کہ کیا حکمت عملی اختیار کرنی ہے۔ بائوچر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جیک کیلس میری نظروں میں ہیں۔ ان کو جنوبی افریقی کوچنگ ٹیم میں واپس لانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلس کا نہ ہونا ہمارے لئے نقصان دہ ہے لیکن میں جانتا ہوں کہ کیلس جنوبی افریقہ کرکٹ کے لئے کام کرنا پسند کریں گے۔ جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے  جمعہ کو کراچی پہنچے گی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔