پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

سنچورین ۔16اپریل (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں 3 وکٹوں شکست دے کر سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی، 145 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں حاصل کرلیا، فخر زمان نے 60 رنز کی اننگز کھیلی، فہیم اشرف کو مین آف دی میچ اور کپتان بابراعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستان کے مڈل آرڈر نے آسان میچ کو مشکل بنا دیا، جنوبی افریقہ کے وان ڈر ڈوسن نے نصف سنچری سکور کی۔

جمعہ کو سنچورین کے سپر سپورٹ پارک میں کھیلے گئے 4 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں144 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ وان ڈر ڈوسن نے 52 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ جانیمن ملان33 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ مسلسل تین نصف سنچریاں سکور کرنے والے مارکرم محمد نواز کے ہاتھوں 11رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ کوئی بلے باز وکٹ پر ٹھہر نہ سکا۔ کپتان کلاسن 9، لنڈے3، مولڈر6، فورچون 8 بنا کر آئوٹ ہوئے۔ فہیم اشرف اورحسن علی نے تین تین وکٹیں، حارث رئوف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ 145 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی 5ویں بال پر حاصل کرلیا۔ فخر زمان نے 34 بالوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل ہیں۔ کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ گزشتہ میچ کے ہیرو محمد رضوان صفر پر آئوٹ ہوئے۔ پوری سیریز میں ناکام رہنے والے پاکستان کے مڈل آرڈر نے ایک بار پھر دھوکہ دے دیا، محمد حفیظ، حیدر علی اور محمد آصف نے آئوٹ ہوکر ایک آسان میچ کو مشکل بنا دیا۔ حفیظ 10، حیدر علی 3، محمد آصف 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

اس موقع پر محمد نواز نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے قومی ٹیم کو آخری اوور کی پانچویں بال پر فتح دلادی۔ وہ 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ جنوبی افریقہ کے ولیمز اور مگالا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، فورچون، تبریز شمسی اور فلہوکوایو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پاکستان نے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔

فہیم اشرف کو میچ میں بہترین بائولنگ کرنے پر بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کپتان بابراعظم کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے ٹی ٹونٹی سیریز میں 210 رنز بنائے۔