12واں ورلڈ کپ، کالی آندھی کا افغانستان کو 23 رنز سے ہرا کر فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ کا اختتام، افغانی ٹیم خالی ہاتھ ہی رہ گئی

لیڈز ۔ 04 جولائی (اے پی پی)بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کالی آندھی نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دے کر فتح کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا جبکہ افغانستان کا ٹورنامنٹ میں کامیابی کا خواب ادھورا ہی رہ گیا اور اسے متواتر نویں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 311 رنز بنائے، جواب میں افغانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی آخری گیند پر 288 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، اکرام علی خیل کی 86 اور رحمت شاہ کی 62 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، شائی ہوپ، ایون لیوس اور نیکولاس پوران نے نصف سنچریاں بنا کر، بریتھویٹ نے 4 اور روچ نے 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا، شائی ہوپ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو لیڈز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 42ویں میچ میں ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کالی آندھی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے