رمضان المبارک تمباکو نوشی کی عادت کم کرنے میں معاون ہو سکتا ہے ،نمز ماہر غذائیت

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) کے ماہر غذائیت ڈاکٹر عبدالمومن نے کہا ہے کہ ملک میں سگریٹ نوشی کرنے والے کم و بیش 22 ملین سے زیادہ افراد رمضان کے مقدس مہینے میں سگریٹ نوشی کی عادت کم کر کے اپنی زندگی کا معیار بہتر بنا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر مومن جو نمز ڈیپارٹمنٹ آف نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس کے سربراہ ہیں، نے اس افسانے کو رد کیا کہ الیکٹرانک سگریٹ نوشی کم خطرناک ہے، تمباکو کا کسی بھی شکل میں استعمال کسی کی صحت کے لیے بالکل نقصان دہ ہے اور کینسر کا سبب بنتا ہے۔

جمعرات کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے تمباکو نوشی کرنے والے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ تمباکو نوشی کو بتدریج کم کریں، یہ عمل زیادہ دیرپا ہوگا کیونکہ اسے یکدم چھوڑنے کی اپنی پیچیدگیاں ہیں۔ انہوں نےکہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران روزہ دار تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے صبح سے شام تک ایک بڑا وقفہ ہوتا ہے جو ان کے لیے تمباکو نوشی ترک کرنا آسان بنا سکتا ہے۔ پاکستان میں تمباکو کنٹرول کے حوالے سے انٹرنیشنل یونین برائے تپ دق اور پھیپھڑوں کی بیماری کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 20 فیصد بالغ آبادی سگریٹ نوشی کرتی ہے۔ پاکستان میں 32 فیصد مرد جبکہ 6 فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 16فیصد مرد اور 4.9 فیصد خواتین کی اموات تمباکو کے استعمال سے ہوتی ہیں جس سے پاکستان میں سالانہ 163,000 اموات واقع ہوتی ہیں جبکہ پاکستان میں تمباکو نوشی کی اقتصادی لاگت کا تخمینہ 3.85 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جو پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے ایک بڑی رقم ہے۔ ڈاکٹر مومن نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو نوعمری میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کریں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ سگریٹ نوشی شروع کرنے کے لیے ساتھیوں کے دباؤ کو قبول نہ کریں۔

انہوں نےکہا کہ “سیکنڈ ہینڈ سگریٹ نوشی” (غیر فعال تمباکو نوشی) پورے خاندان کو متاثر کرتی ہے کیونکہ دھواں ان لوگوں کے لیے بھی اتنا ہی نقصان دہ ہے جو خود تمباکو نوشی نہیں کرتے لیکن فعال تمباکو نوشی کرنے والوں کی وجہ سے سگریٹ نوشی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ تمباکو نوشی کرنے والے اپنے اہل خانہ اور دفتر اور ارد گرد کام کرنے والے ساتھیوں کو متاثر کرتے ہیں کیونکہ اگر کسی نے کمرے میں سگریٹ نوشی کی ہے تو دھوئیں کے ذرات جلد کے ذریعے جسم میں داخل ہو جاتے ہیں، جو کمرے میں موجود لوگوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، یہ رجحان “تھرڈ ہینڈ سموک” کے نام سے جانا جاتا ہے