خواتین کے حقوق کا تحفظ ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خواتین کےعالمی دن 8 مارچ 2026 پر پیغام

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق خواتین کےعالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم …

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق خواتین کےعالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دن کی مناسبت سے خواتین کیلئے جذبۂ خیر سگالی کا اظہار بالخصوص پاکستانی خواتین، ماؤں بہنوں، بیٹیوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال خواتین کا عالمی دن ’’حقوق، انصاف اور عمل : تمام خواتین اور بچیوں کے لیے‘‘کے عنوان سے منایا جارہا ہے۔ یہ عنوان حقوق نسواں کے تخفظ کے عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کو ملک کی پائیدار ترقی اور قومی خوشحالی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی مجموعی ترقی و خوشحالی کو خواتین کے لیٔے یکساں مواقع اور بامعنی شمولیت ہی یقینی بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی محنت، عزم و ہمت اور زندگی کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات ہمارے لیے من الحیث قوم باعث فخر اور باعث تقویت ہیں، خواتین نہ صرف خاندان بلکہ، معاشرہ اور قوم کی مثبت اقدار پر مبنی بنیاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، تعلیم سے لے کر کھیل تک، گھروں سے لےکر حکومت تک، پاکستانی خواتین کی استقامت اور کامیابیاں ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، سپیکر اسمبلی، وزارت اعلی کے عہدوں سے لے کر عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، صحت، تعلیم، کاروبار اور مسلح افواج تک، خواتین نے آنے والی نسلوں کے لیے نئی راہیں ہموار کی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم پختہ ہے کہ ایسا ماحول یقینی بنایا جائے جہاں خواتین کسی بلا امتیاز و خوف اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں حقوق نسواں کے قانونی تخفظ کے لیے موثر قانون سازی موجود ہے۔ جو ہراسانی اور استحصال کے خلاف قومی عزم کامظہر ہے۔

خواتین کی معیاری تعلیم تک رسائی، مالی شمولیت، خواتین کاروباری شخصیات کی حمایت، کام کی جگہوں پر تحفظ اور ہراسانی و تشدد کے خلاف موثر اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے دعوت دی کہ آئیے ہم سب مل کر ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر عورت کو عزت، وقار اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں تاکہ پاکستان ایک زیادہ منصفانہ، ترقی یافتہ اور جامع مستقبل کی طرف بڑھ سکے۔\932