لاہور۔18اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فلڈ پروٹیکشن، ہیٹ ویو، خشک سالی، دریائی کٹائو اور دیگر قدرتی آفات سے بچا ئوکے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری احمد رضا سرور، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز لاہور، ڈی جی خان، فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور، لیہ، جھنگ، راجن پور اور دیگر اضلاع نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔
ایجنڈا کے پہلے نکتہ میں فلڈ پروٹیکشن اور دریائی کٹائو سے متعلق چھ اسکیموں پر بریفنگ دی گئی، جن میں ضلع قصور میں دریائے ستلج پر ولے والا بند کی مضبوطی، لیہ میں تحصیل کروڑ میں حفاظتی بند کی تعمیر اور جھنگ میں بیلہ سرباں سے ہیڈ تریموں تک دریائے چناب کے کٹا ئوکی روک تھام شامل ہیں۔اسی طرح تحصیل کوٹ مومن اور قادر آباد بلوکی لنک سرکل میں بھی ماڈل اسٹڈی کی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ مستقبل میں موثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔اجلاس میں دریائی کٹائو کی روک تھام کے لیے مجموعی طور پر 550 ملین روپے مالیت کی 4 اسکیموں کی منظوری اور چولستان میں ممکنہ خشک سالی وہیٹ ویو سے بچائو کے لیے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،چولستان میں 4 آر او واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کی منظوری دی گئی
تاکہ پانی کی قلت پر قابو پایا جا سکے۔ اسی طرح اربن یونٹ کے ساتھ دریائی علاقوں میں آبادیوں کی میپنگ اور سروے کا معاہدہ بھی منظور کیا گیا، ابتدائی مرحلے میں دریائے سندھ اور ہل ٹورنٹس کے اطراف تفصیلی سروے کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل واسا نے اجلاس کو ندی نالوں کی صفائی (ڈی سلٹنگ) مہم پر بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے واسا کو ہدایت دی کہ مون سون سیزن سے قبل ڈی سلٹنگ کا عمل مکمل کیا جائے، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اس عمل کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپی گئی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ شہریوں کو موسمی حالات سے متعلق پیشگی الرٹس اور بروقت آگاہی فراہم کی جائے تاکہ
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہتر ردعمل ممکن ہو۔ انہوں نے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584268