آئیسکو کی نجکاری میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی، ڈسکوز بیچ-I کی نجکاری اگلے مرحلہ میں داخل، آئیسکو کے لئے سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی برقرار
آئیسکو کی نجکاری میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی، ڈسکوز بیچ-I کی نجکاری اگلے مرحلہ میں داخل، آئیسکو کے لئے سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی برقرار

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):نجکاری کمیشن (پی سی) کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری کے لئے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور ردِعمل موصول ہوا ہے۔ اظہارِ دلچسپی (آئی او آئیز) جمع کرانے کی آج پیر آخری تاریخ تک کمیشن کو ممکنہ سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر دس اظہارِ دلچسپی موصول ہوئے ہیں، ان سرمایہ کاروں نے انتظامی کنٹرول کے ساتھ آئیسکو کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وزارتِ نجکاری،نجکاری کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دلچسپی ظاہر کرنے والی کمپنیوں اور کنسورشیمز میں اکتر الیکٹرک انرجی ترکیے، جنویرا انرجی ترکیے، چنگز انرجی ترکیے، اینگرو انرجی لمیٹڈ، آرٹسٹک ملینرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کنسورشیم – لیک سٹی ہولڈنگ، فاطمہ کیپٹل لمیٹڈ، دین وینچرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور فضل کلاتھ ملز لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کنسورشیم – لکی سیمنٹ لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، سیفائر فائبرز لمیٹڈ، نووا ٹیکس لمیٹڈ، بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ اور حسنات برادرز کنسٹریکشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کنسورشیم – دہلال ہولڈنگ گروپ، پاک سٹیل، بائیو لیبز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور فرید سٹیل کاسٹنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ شامل ہیں۔
ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے علاوہ پاکستان کے متعدد نمایاں کاروباری گروپس نے بھی آئیسکو کی نجکاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ کمیشن ملکی اور بین الاقوامی روڈ شوز کے دوران سرمایہ کار برادری کی بھرپور شرکت اور روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حکومتی ایجنڈے پر ان کے اعتماد کا خیرمقدم کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ یہ ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں ایک اہم سنگِ میل ہے، آئیسکو کے لئے سرمایہ کاروں کی جانب سے ملنے والا بھرپور ردِعمل پاکستان کے بجلی کی تقسیم کے شعبے میں موجود امکانات اور حکومت کی جانب سے شفاف، مسابقتی اور پیشہ وارانہ انداز میں نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کے عزم پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن اب پری کوالیفائیڈ سرمایہ کاروں کے ساتھ ڈیوڈیلیجنس کے مرحلہ میں تعمیری انداز میں پیش رفت اور نجکاری کے بعد کے نظام کے لئے ضروری اصلاحات پر تبادلۂ خیال کا منتظر ہے۔
نجکاری کا مقصد آپریشنل کارکردگی میں بہتری، بجلی کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا، صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر کرنا، نقصانات میں کمی لانا اور بجلی کے شعبے کو مالی طور پر زیادہ پائیدار بنانا ہے۔ واضح رہے کہ وقت کے ساتھ یہ اقدامات بجلی کی تقسیم کے شعبے میں زیادہ مسابقتی ماحول پیدا کرنے اور صارفین کو مناسب نرخوں پر قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔نجکاری میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کی جانب سے جمع کرائے گئے اظہارِ دلچسپی اور اسٹیٹمنٹس آف کوالیفکیشن (ایس او کیوز) کا اب منظور شدہ پری کوالیفکیشن معیار کے مطابق جامع جائزہ لیا جائے گا۔
مقررہ تقاضوں پر پورا اترنے والے درخواست گزاروں کو پری کوالیفائی کیا جائے گا اور ٹرانزیکشن کے اگلے مرحلہ میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس مرحلے میں انہیں ورچوئل ڈیٹا روم (وی ڈی آر) تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ تفصیلی بائے سائیڈ ڈیو ڈیلیجنس کا عمل مکمل کرسکیں۔آئیسکو، ڈسکوز بیچ-I میں شامل تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ دیگر دو کمپنیوں میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) شامل ہیں۔
فیسکو کے لئے 10 دلچسپی رکھنے والی جماعتوں کو پری کوالیفائی کیا جا چکا ہے جبکہ گیپکو کے لئے 11 اظہارِ دلچسپی موصول ہوئے ہیں، جن کا اس وقت پری کوالیفکیشن کے لئے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نجکاری کمیشن عوامی مفاد اور وفاقی حکومت کے بجلی کے شعبے میں وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت کھلے، شفاف اور مسابقتی نجکاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔








