آئی ایس ایس آئی اور سری لنکن ادارے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
آئی ایس ایس آئی اور سری لنکن ادارے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور سری لنکا کے ساؤتھ ایشیا سسٹین ایبلیٹی اینڈ سکیورٹی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ساسری) کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے۔
مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ معاہدہ آئی ایس ایس آئی کی بین الاقوامی روابط کے فروغ اور بالخصوص علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تحقیقی و ادارہ جاتی تعاون کے لئے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ایم او یو کا مقصد تحقیق، پالیسی مکالمے، مشترکہ اشاعتوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ تقریبات کے انعقاد سمیت مختلف شعبوں میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور مضبوط بنانا ہے۔
تقریب میں آئی ایس ایس آئی اور ساسری کی قیادت کے علاوہ کولمبو میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر)ڈاکٹر نیئر نصیر، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور اسلام آباد میں سری لنکا کے ڈپٹی ہائی کمشنر اے کرسٹی روبن نے بھی شرکت کی۔مقررین نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات سفارتی اور دفاعی شعبوں کے علاوہ ثقافتی اور انسانی بنیادوں پر بھی مضبوط رہے ہیں۔شرکا ء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ایک خوشحال اور باہم مربوط جنوبی ایشیا کے لئے خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب آنا ہوگا اور مسلسل روابط، بامعنی مذاکرات اور فعال تعاون کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔جنوبی ایشیا کی اجتماعی ترقی میں علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کی سرگرمیوں کی بحالی کی ضرورت پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔
مفاہمت کی یادداشت کے تحت مشترکہ تقریبات، پالیسی پیپرز کی تیاری اور محققین کے تبادلے کے پروگرام سمیت مختلف عملی اقدامات تجویز کئے گئے۔دونوں تھنک ٹینکس کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک میں بہتر پالیسی مباحث کے فروغ اور عوام کو درست اور باخبر معلومات کی فراہمی کے لئے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔








