وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا جانا ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے
آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے ،خرم شہزاد
اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا جانا ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف عالمی سطح پر اعتماد بحال ہوگا بلکہ معاشی استحکام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ہفتہ کو ایکس پہ انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی قسط موصول ہوگی، جس میں 1 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت( EFF) اور 21 کروڑ ڈالر ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی ( RSF )کے تحت شامل ہیں، جبکہ مجموعی ادائیگیاں بڑھ کر تقریباً 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔خرم شہزاد کے مطابق ملکی معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں، جہاں شرح نمو میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
حکومت مالی سال 2026 میں 1.6 فیصد پرائمری سرپلس حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے،ٹیکس نظام میں اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کیا جائے گا،توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے سرکلر ڈیٹ میں کمی اور لاگت کی بہتر وصولی کو یقینی بنایا جائے گا،ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، تاہم عالمی خطرات جیسے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بدستور چیلنج ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت مضبوط اور محتاط معاشی پالیسیوں پر عمل جاری رکھے گی تاکہ پائیدار ترقی اور مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔









