آئی ایچ آر اے کی لائف کیئر انٹرنیشنل ہسپتال کی لائسنسنگ کے لئے معیار کی جانچ

اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے)نے لائف کیئر انٹرنیشنل ہسپتال میں لائسنسنگ کے لئے جائزہ لیا تاکہ صحت کی سہولیات کے مقررہ معیارات، مریضوں کی حفاظت اور معیاری طبی نگہداشت سے متعلق تقاضوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے)نے لائف کیئر انٹرنیشنل ہسپتال میں لائسنسنگ کے لئے جائزہ لیا تاکہ صحت کی سہولیات کے مقررہ معیارات، مریضوں کی حفاظت اور معیاری طبی نگہداشت سے متعلق تقاضوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔

جائزے کے دوران آئی ایچ آر اے کے ماہرین نے ہسپتال کو کم از کم سروس ڈیلیوری سٹینڈرڈز (ایم ایس ڈی ایس)میں متعین اشاریوں کی روشنی میں جانچا اور ایک جامع جائزہ رپورٹ تیار کی۔یہ عمل آئی ایچ آر اے کے جاری لائسنسنگ طریقہ کار کا حصہ ہے جس کا مقصد اسلام آباد میں کام کرنے والے صحت کے اداروں میں خدمات کی فراہمی، مریضوں کی حفاظت اور صحت عامہ سے متعلق مقررہ معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔

اتھارٹی کا ضابطہ جاتی فریم ورک صحت کی سہولیات کو طے شدہ معیارات کے مطابق جانچنے پر توجہ دیتا ہے تاکہ معیاری خدمات کے فروغ، مریضوں کے علاج کے نتائج میں بہتری اور متعلقہ تقاضوں کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔لائسنسنگ کے لئے یہ جائزہ صحت کے اداروں کی نگرانی مضبوط بنانے اور مریضوں اور وسیع تر کمیونٹی کے تحفظ کے لئے وضع کردہ معیارات پر عمل درآمد کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے آئی ایچ آر اے کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہے۔

ایسے جائزوں کے ذریعے آئی ایچ آر اے کا مقصد جواب دہی کو فروغ دینا، صحت کی خدمات کی فراہمی بہتر بنانا اور لائسنس کے اجرا سے قبل طبی مراکز میں مطلوبہ معیارات کی پابندی یقینی بنانا ہے۔