آئی بی سی سی کا 27 سرکاری تعلیمی بورڈز میں امتحانی معیار یکساں بنانے کے لیے قومی اشاریے پر کام کا آغاز

آئی بی سی سی کا 27 سرکاری تعلیمی بورڈز میں امتحانی معیار یکساں بنانے کے لیے قومی اشاریے پر کام کا آغاز

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے ملک کے 27 سرکاری تعلیمی بورڈز میں امتحانی معیار کو یکساں، شفاف اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے قومی امتحانی معیار اشاریہ (نیکسی) پر کام آگے بڑھا دیا ہے۔ اس سلسلے میں قومی امتحانی معیار اشاریے کی سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کو آئی بی سی سی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سیکریٹری کی ہدایات پر منعقدہ اجلاس میں ملک بھر کے سرکاری تعلیمی بورڈز کے امتحانی نظام کو بہتر بنانے کے لیے مجوزہ فریم ورک، کارکردگی کے اشاریوں، اہداف اور عمل درآمد کے مراحل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مجوزہ اشاریوں اور اہداف کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جو اپنی سفارشات مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ قومی امتحانی معیار اشاریے کا مقصد ملک بھر میں امتحانی معیار جانچنے کے لیے ایک یکساں، موثر اور قابل اعتماد نظام قائم کرنا ہے جس کے ذریعے امتحانی طریقہ کار میں بہتری، تعلیمی بورڈز کی کارکردگی اور نتائج کا تقابلی جائزہ، امتحانات کی شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے گا۔ اس اقدام سے پاکستان کی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی اسناد کی بین الاقوامی سطح پر شناخت اور قبولیت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے جس سے پاکستان اور بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے مزید تعلیمی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ قومی امتحانی معیار اشاریہ پاکستان کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، یکساں معیارات متعارف کرانے اور مسلسل بہتری یقینی بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے امتحانات اور جانچ کے معیار کو بہتر بنانے، پاکستانی امتحانی نظام کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے اور ملکی تعلیمی اسناد کی عالمی سطح پر شناخت و قبولیت مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ شفاف اور یکساں معیارات کے نفاذ سے امتحانات کی ساکھ بہتر بنانے اور طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع کو وسعت دینے میں معاونت حاصل ہوگی۔ آئی بی سی سی کے مطابق کمیشن متعلقہ اداروں اور تعلیمی بورڈز کے اشتراک سے اس قومی اقدام کو آگے بڑھائے گا تاکہ ملک میں شفاف، قابل اعتماد اور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ امتحانی نظام کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں