آئی جی اسلام آباد کا تھانہ کوہسار، شالیمار اور سیکرٹریٹ کا دورہ

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے تھانہ کوہسار، تھانہ شالیمار اور تھانہ سیکرٹریٹ کا دورہ کیا

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے تھانہ کوہسار، تھانہ شالیمار اور تھانہ سیکرٹریٹ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے (SIPS) پروٹوکولز کے تحت جاری ترقیاتی کاموں، پولیس افسران و جوانوں کو دستیاب سہولیات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔اتوار کو ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے تھانوں کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور شہری سہولیات کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی کام مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں اور ان کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران و جوانوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی اور تھانوں میں شہریوں کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت، موثر اور معیاری پولیس سروسز فراہم کی جائیں، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تھانوں میں عوامی سہولت اور خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز کو جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ، شہری دوست اور بہتر سہولیات سے آراستہ بنانا اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ شہریوں کو پولیس خدمات کے حصول میں آسانی ہو اور پولیس افسران و جوانوں کے لیے بھی بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔