آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ایس پی سواں زون اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ، زون کی کارکردگی کا جائزہ

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ایس پی سواں زون محمد حسنین وارث اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ کی، جس میں سواں زون کی مجموعی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور شہریوں کے تحفظ کے لئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ایس پی سواں زون محمد حسنین وارث اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ کی، جس میں سواں زون کی مجموعی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور شہریوں کے تحفظ کے لئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو سراہا اور ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور موثر پولیسنگ کے لیے مزید بہتر اقدامات کیے جائیں۔ اسلام آباد پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آئی جی نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کریں، گشت اور نگرانی کے نظام کو موثر بنائیں اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائیں۔

مزید برآں، آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور فرائض کی بہترین انجام دہی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کو اپنے دفتر مدعو کیا اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد سے نوازا۔ انہوں نے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے، محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا اعتراف افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ پوری فورس کو مزید بہتر انداز میں عوامی خدمت انجام دینے کی ترغیب دیتا ہے۔

اسی تسلسل میں آئی جی اسلام آباد نے سینٹرل پولیس آفس میں اردل روم منعقد کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کے سروس سے متعلق اور ذاتی مسائل براہِ راست سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواستوں اور مسائل پر میرٹ کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ان کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، جائز مسائل کا فوری حل اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور شہریوں کو موثر پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

 

مزید خبریں