آئی سی سی آئی اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ قائم کرے گا، احسن ظفر بختاوری دارالحکومت کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں،صدر آئی سی سی آئی ذکریا اکبر ضیا

آئی سی سی آئی اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ قائم کرے گا، احسن ظفر بختاوری دارالحکومت کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں،صدر آئی سی سی آئی ذکریا اکبر ضیا

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نو منتخب صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے اعلان کیا ہے کہ چیمبر اپنے اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ قائم کرے گا۔ سابق صدر احسن ظفر بختاوری کی اسلام آباد اور تاجر برادری کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دارالحکومت کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، جنہوں نے شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے صدور اور تاجر تنظیموں کے عہدیداران کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔

احسن ظفر بختاوری نے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا، سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، نائب صدر محمد وقاص خان سواتی اور ایگزیکٹو ممبران کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری نے اپنے دورِ صدارت اور دیگر سماجی و فلاحی سرگرمیوں کے دوران اسلام آباد اور تاجر برادری کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ مختلف مارکیٹوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس، واش رومز اور واٹر کولرز کی فراہمی، شجرکاری مہم کے تحت ہزاروں پودے لگا کر شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کی کوششیں اور تعلیمی اداروں کو کمپیوٹرز کی فراہمی ان کے نمایاں فلاحی اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف تاجروں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر آئیں بلکہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جدید تعلیمی وسائل کی فراہمی میں بھی مدد ملی۔ اسلام آباد کو کلین اینڈ گرین بنانے اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے احسن ظفر بختاوری کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی قیادت کا اصل وصف خدمت کا جذبہ ہے، جو کسی عہدے کا محتاج نہیں ہوتا۔ آئی سی سی آئی کی نئی قیادت بھی تاجر برادری کی فلاح و بہبود، باہمی تعاون اور کاروباری مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔سابق صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے نو منتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو دھرنا فری شہر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ طویل مارچوں، احتجاجی مظاہروں اور کنٹینرز کے باعث سڑکوں کی بندش سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں، تاجروں کو مالی نقصانات اٹھانا پڑتے ہیں جبکہ ملازمین، طلبہ اور عام شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے آئی سی سی آئی کی نئی قیادت پر زور دیا کہ یہ معاملہ متعلقہ انتظامیہ کے سامنے اٹھائے اور احتجاجی مظاہروں کے لیے مناسب متبادل مقام مختص کرنے کی تجویز پیش کرے، تاکہ پُرامن احتجاج کے حق کا احترام کرتے ہوئے دارالحکومت میں کاروبار اور معمولاتِ زندگی کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب قیادت کو تاجر برادری کے مسائل کے حل، کاروباری ماحول کی بہتری اور تاجروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔سابق صدر آئی سی سی آئی اور کونسل ممبر خالد اقبال ملک نے احسن ظفر بختاوری کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت بھی تاجر برادری کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے گی اور ان کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے کہا کہ نئی قیادت اتحاد، باہمی مشاورت اور ٹیم ورک کے ذریعے تاجر برادری کے لیے بامقصد اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر احسن ظفر بختاوری کے تجربے اور رہنمائی سے استفادہ کرتا رہے گا۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان سواتی نے کہا کہ بختاوری خاندان تاجر برادری کے ساتھ وابستگی اور مہمان نوازی کی روایات کے باعث نمایاں پہچان رکھتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کی نئی قیادت کاروباری برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی۔تقریب سے ترنول کے معروف تاجر واجد ایوب، بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت، جی الیون کے صدر ملک نعیم اعوان، ای الیون کے صدر ظاہر عباسی اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ابرار الحق، صدف عباسی اور نگینہ خلیق سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی اور احسن ظفر بختاوری کی تاجر برادری اور اسلام آباد کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر اور مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کے درمیان مضبوط روابط کاروباری مسائل کے حل اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کے وسیع تر مفادات کے تحفظ، مارکیٹوں میں سہولیات کی بہتری اور اسلام آباد کی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ تقریب کی نظامت آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر سید عمران بخاری نے انجام دی۔

مزید خبریں