آئی سی سی آئی تاجر برادری کا سب سے متحرک اور طاقتور پلیٹ فارم ہے، سردار طاہر محمود

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ چیمبر تاجر برادری کا سب سے متحرک اور طاقتور پلیٹ فارم ہے اور اس نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کے حل اور نہ صرف خطے بلکہ پورے ملک میں کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے آواز اٹھائی ہے، چیمبر کی جانب سے پیش کی گئی …

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ چیمبر تاجر برادری کا سب سے متحرک اور طاقتور پلیٹ فارم ہے اور اس نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کے حل اور نہ صرف خطے بلکہ پورے ملک میں کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے آواز اٹھائی ہے، چیمبر کی جانب سے پیش کی گئی بجٹ تجاویز سے ملک بھر کی تاجر برادری کو فائدہ پہنچے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے) سملی ڈیم روڈ بارہ کہو کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس نے جمعرات کو یہاں اپنے صدر راجہ زاہد دھنیال کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ حکام کے ساتھ ان کے فوری حل کے لیے اٹھائے جائیں گے تاکہ تاجر اپنی کاروباری سرگرمیاں سازگار اور معاون ماحول میں جاری رکھ سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی ڈبلیو اے بارہ کہو کے صدر راجہ زاہد دھنیال نے تاجر برادری کی بھرپور نمائندگی کرنے پر چیمبر کی فعال قیادت کو سراہا۔ انہوں نے علاقے میں تاجروں کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور ایسوسی ایشن کے منتخب نمائندوں کا متعلقہ حکام کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کرانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کے مسائل کا عملی حل تلاش کیا جا سکے۔

انہوں نے خاص طور پر تجاوزات کے مسئلے اور سی ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کے بہانے تاجروں کو پہنچانے جانے والے نقصانات کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احتشام کیانی نے کہا کہ تاجر برادری چیمبر کی قیادت کے ساتھ ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہے گی۔اس موقع پر راجہ بلال (چیئرمین)، ارسال عباسی (سرپرست)، رضوان چنہ (سابق ایگزیکٹو ممبر آئی سی سی آئی)، شاہ انور سینئر آئی سی سی آئی ممبر اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اپنے اظہار تشکر میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے سردار طاہر محمود کی قیادت میں چیمبر کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور آنے والے وفد کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔قبل ازیں آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری کہ جنہوں نے اجلاس کی کارروائی چلائی نے بھی بارہ کہو کے تاجروں کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران راجہ نوید ستی اور ذوالقرنین عباسی، آئی سی سی آئی کے ممبران شاہ فیصل، نوید اعوان، رب نواز، شاہد اقبال سمیت دیگر تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔