آئی سی سی آئی نوجوان انٹرپرینیورز کی حوصلہ افزائی کے لئے پر عزم ہے، سردار طاہر محمود

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے نوجوان اختراع کاروں کی کامیابیوں کو سراہنے کے لئے ’’کنیکٹڈ پاکستان – 30 انڈر 30‘‘ کی تقریب کی میزبانی کی۔ اس موقع پر ان کی کامیابیوں کو نہ صرف ذاتی سنگ میل بلکہ قیمتی قومی اثاثہ قرار دیا گیا جو ملکی معاشی ترقی اور عالمی سطح پر اس کی تعظیم میں اضافے کا باعث …

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے نوجوان اختراع کاروں کی کامیابیوں کو سراہنے کے لئے ’’کنیکٹڈ پاکستان – 30 انڈر 30‘‘ کی تقریب کی میزبانی کی۔ اس موقع پر ان کی کامیابیوں کو نہ صرف ذاتی سنگ میل بلکہ قیمتی قومی اثاثہ قرار دیا گیا جو ملکی معاشی ترقی اور عالمی سطح پر اس کی تعظیم میں اضافے کا باعث ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل آج کی نوجوان نسل ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور سوشل انٹرپرائزکے منظر نامے پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کا نام روشن کر رہی ہے۔

جدت طرازی کی ترقی کے لئے چیمبر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سردار طاہر محمود نے جاری اقدامات کا خاکہ پیش کیا جس میں یونیورسٹیوں کو صنعت کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لئے چیمبر اکیڈمیا کے روابط کو مضبوط بنانا، سٹارٹ اپس کے لئے انکیوبیشن اور مینٹورشپ پلیٹ فارمز کی سہولت فراہم کرنا، پالیسی اصلاحات کی وکالت کرنا شامل ہے تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کی جاسکے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے ان اہم شراکت داروں کی بھی تعریف کی جنہوں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا جن میں کمپیوٹر ہارڈویئر ایسوسی ایشن پاکستان کے وائس چیئرمین چوہدری محمد جاوید اقبال، کمپیوٹر ہارڈویئر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ابرار الحق، کنوینئر آئی سی سی آئی آئی ٹی، ٹیلی کام اینڈ کمپیوٹر ہارڈویئر کمیٹی اعزاز محمد، کنوینئر آئی سی سی آئی سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کمیٹی ڈاکٹر محمد عثمان اور سی ای او اور فاؤنڈر کنیکٹڈ پاکستان سید ارسلان علی شاہ شاملِ تھے ۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری ، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ذوالقرنین عباسی اور نوجوان کاروباریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔