آئی سی سی آئی کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کاروباری اوقات میں آسانی پیدا کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں اور شاپنگ سینٹرز کو رات 9 بجے تک اور ریسٹورنٹس کو رات 11:30 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں اور شاپنگ سینٹرز کو رات 9 بجے تک اور ریسٹورنٹس کو رات 11:30 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔اس سے دارالحکومت کے کاروباری اوقات کو حکومت سندھ کی سادگی کی پالیسی کے تحت 10 اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لانے میں مدد ملے گی۔اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ سندھ کے بازاروں، ریستورانوں اور شادی ہالز کے اوقات ایک متوازن ماڈل پیش کرتے ہیں جو معاشی سرگرمیوں پر سمجھوتہ کیے بغیر توانائی کے تحفظ کو بھی یقینی بناتا ہے۔انہوں نےدارالحکومت میں تاجروں کو سہولت فراہم کرنے اور تجارتی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے اسی طرح کا کاروبار دوست انداز اپنانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی ملک کے مختلف حصوں میں مختلف کاروباری ضوابط کا نفاذ کاروباری اور سرمایہ کاری برادری کے لیے منفی سگنل بھیجتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی مستقل مزاجی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے پالیسی میں یکسانیت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک منقسم ریگولیٹری ماحول کاروبار کے لیے غیر یقینی صورتحال اور آپریشنل چیلنجز پیدا کرتا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری قومی پالیسیوں اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ میں مسلسل حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور آئندہ بھی ایسا کرتی رہے گی۔ انہوں نے ایسی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا جو عملی، جامع اور کلیدی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کی جائیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں پائیدار اقتصادی ترقی اور سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے ساتھ تعمیری روابط کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔