آئی سی سی آئی کے صدر کا رئیل سٹیٹ سیکٹر کی حقیقی صلاحیت کو اجاگر کرنے ،سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے عملی اصلاحات پر زور

آئی سی سی آئی کے صدر کا رئیل سٹیٹ سیکٹر کی حقیقی صلاحیت کو اجاگر کرنے ،سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے عملی اصلاحات پر زور

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور ہائوسنگ ڈویلپمنٹ سے متعلق وزیراعظم کی ٹاسک فورس کے رکن سردار طاہر محمود نے پاکستان کے رئیل سٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کو معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کا کلیدی محرک قرار دیتے ہوئے اسے بحال کرنے کے لیے فوری اور عملی اصلاحات پر زور دیا ہے۔پیر کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلی اور خاص طور پر مشرق وسطی کی صورتحال کے باعث سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں جس سے پاکستان کے لیے مقامی اور بیرون ملک سرمایہ کو راغب کرنے کا ایک منفرد موقع پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اب جس چیز کی ضرورت ہے وہ پالیسی کی وضاحت اور ایک ایسا نظام ہے جو سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا کرے۔سردار طاہر محمود نے واضح کیا کہ تاجر برادری قوانین میں کسی قسم کی نرمی یا غیر ضروری سہولت نہیں چاہتی، ہم ایک موثر، شفاف اور وقت کے پابند نظام کا مطالبہ کر رہے ہیں جو قانونی فریم ورک کے اندر سختی سے کام کرتا ہو۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سنگل ونڈو سسٹم کے قیام، طے شدہ ٹائم لائنز کے ساتھ منظوری کو یقینی بنانے،ڈیجیٹائزیشن اور یکساں طریقہ کار کو نافذ کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔انہوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے، سٹیک ہولڈرز کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کیلئے رئیل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی (آر ای آر اے) کے قیام اور فاسٹ ٹریکنگ کلیدی قانون سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کے ایک بڑے غیر استعمال شدہ ذرائع کی نمائندگی کرتے ہیں لیکن نظام پر اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اگر ہم ایک سادہ، شفاف اور قابل عمل فریم ورک فراہم کرتے ہیں تو ملک سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے پاکستان میں معکوس سرمائے کے بہائو کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ رئیل سٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کا متعدد صنعتوں سے گہرا تعلق ہے اور روزگار کی تخلیق اور اقتصادی توسیع میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ شعبہ حرکت کرتا ہے تو معیشت حرکت کرتی ہے۔اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے حکومتی اداروں، ریگولیٹرز اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ ان اصلاحات کو موثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے قریبی رابط کاری میں کام کریں۔

مزید خبریں