آئی سی سی آئی 25 ستمبر کو ’’اسلام آباد گورننس اینڈ پروونشل اسٹیٹس کنونشن‘‘ منعقد کرے گا، سردار طاہر محمود

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی آئی 25 ستمبر 2026 کو اسلام آباد گورننس اینڈ پروونشل اسٹیٹس کنونشن 2026 منعقد کرے گا جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت کے مستقبل کے گورننس ڈھانچے اور آئینی حیثیت کے حوالے سے ایک جامع، بامعنی اور وسیع البنیاد مشاورت کا آغاز کرنا ہے۔

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی آئی 25 ستمبر 2026 کو اسلام آباد گورننس اینڈ پروونشل اسٹیٹس کنونشن 2026 منعقد کرے گا جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت کے مستقبل کے گورننس ڈھانچے اور آئینی حیثیت کے حوالے سے ایک جامع، بامعنی اور وسیع البنیاد مشاورت کا آغاز کرنا ہے۔چیمبر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار طاہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد آج بھی بنیادی طور پر 1960 کے آرڈیننس کے تحت چلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو صرف میئر کی نہیں بلکہ ایک ایسے چیف ایگزیکٹو کی ضرورت ہے جو عوام کے ووٹ سے منتخب ہو اور اپنے منتخب نمائندوں کے سامنے جوابدہ ہو۔آئی سی سی آئی صدر نے اسلام آباد کے لئے ایک شفاف اور واضح مالیاتی نظام تشکیل دینے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے حوالے سے اس وقت مختلف گورننس ماڈلز اور قانونی فریم ورک زیر بحث ہیں، تاہم جن لوگوں اور اداروں پر یہ انتظامی نظام لاگو ہونا ہے، ان سے بامعنی اور وسیع البنیاد مشاورت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت 25 ستمبر کو منعقد ہونے والے کنونشن میں کاروباری برادری، تاجر تنظیموں، بار کونسلز و بار ایسوسی ایشنز، سول سوسائٹی، اکیڈمیا، پروفیشنلز اور اسلام آباد کے رہائشیوں سمیت تمام اہم سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی آراء، تجاویز اور عملی سفارشات پیش کر سکیں۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کنونشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اسی طرح تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سیاسی نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ اسلام آباد کے گورننس کے معاملے پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر وسیع تر قومی اور شہری مکالمہ کیا جا سکے۔ سردار طاہر محمود نے واضح کیا کہ آئی سی سی آئی ایک غیر سیاسی اور غیر جماعتی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا مقصد کسی سیاسی جماعت یا کسی مخصوص گورننس ماڈل کی حمایت یا مخالفت کرنا نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ تمام سٹیک ہولڈرز ایک جگہ بیٹھیں، اپنی آراء پیش کریں اور اسلام آباد کے مستقبل کے گورننس کے لئے ایک بامعنی اور قابلِ عمل روڈ میپ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔