آئی سی ٹی پولیس نے منا گینگ سمیت ڈکیتوں کے دو گروہوں کے 6 ارکان کو گرفتار کر لیا

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم (راہزنی) کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ڈکیتوں کے دو گروہوں، بشمول منا گینگ کے چھ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم (راہزنی) کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ڈکیتوں کے دو گروہوں، بشمول منا گینگ کے چھ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا لوٹا ہوااور چھینا گیا سامان برآمد کیا ہے۔پولیس حکام نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ پھلگراں پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے یہ کارروائی کی اور گرفتار ملزمان سے نقدی، مہنگے موبائل فونز، ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈر (ڈی وی آر) اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والے تین پستول (معہ کارتوس) اور ایک خنجر بھی برآمد کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’منا گینگ‘ رواں سال اگست میں پھلگراں پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ’نعمان ٹریڈرز‘ میں ڈکیتی کی واردات میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے دیگر کئی مجرمانہ وارداتوں میں بھی اپنی مبینہ شمولیت کا انکشاف کیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا ہے کہ جرائم میں ملوث افراد کو سزا دلانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی پولیس شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے مجرموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھے گی۔