آبدوز ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پاک بحریہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا مظہرہے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک بحریہ کی نئی آبدوز ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملکی بحری دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک بحریہ کی نئی آبدوز ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملکی بحری دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آبدوز ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پاک بحریہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جدید جنگی صلاحیتوں اور مضبوط آپریشنل تیاری کی عکاس ہے، پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی آپریشنل استعداد میں اضافے اور بحری دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کو سراہا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور جنگی نظام سے لیس آبدوز ہنگور پاکستان کی بحری دفاعی قوت میں اہم اضافہ ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے دفاعی و تکنیکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان کی دفاعی استعداد میں مزیداضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ عزم اور قومی دفاع کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور وطن کے دفاع کے لیے ان کے عزم پر فخر کرتی ہے۔