آرگینک شعبے کی ترقی کیلئے اعلی سطحی قومی بورڈ تشکیل دیا جائے ، نجم مزاری

آرگینک خوراک اور مصنوعات پر تحقیق کرنے والے نجی ادارہ کے سربراہ نجم مزاری نے اعلی سطحی قومی بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت آرگینک کے شعبے کو فروغ دیا جا سکے،پاکستان کو روایتی اجناس کی فصلوں کے ساتھ ساتھ زعفران، چیا سیڈ، چائے اور مختلف اقسام کے مصالحہ جات …

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):آرگینک خوراک اور مصنوعات پر تحقیق کرنے والے نجی ادارہ کے سربراہ نجم مزاری نے اعلی سطحی قومی بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت آرگینک کے شعبے کو فروغ دیا جا سکے،پاکستان کو روایتی اجناس کی فصلوں کے ساتھ ساتھ زعفران، چیا سیڈ، چائے اور مختلف اقسام کے مصالحہ جات جیسی نئی اور زیادہ منافع بخش اجناس کی کاشت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

اتوار کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کی بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن اور ٹریسبلٹی یقینی بنا کر پاکستان عالمی منڈیوں میں اربوں ڈالر کی برآمدات حاصل کر سکتا ہے۔نجم مزاری نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل تیزی سے زراعت سے دور ہو رہی ہے جس سے مستقبل میں زرعی شعبہ افرادی قوت کے بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ 40 سال تک عمر کے نوجوانوں کو سرکاری زرعی اراضی آسان شرائط پر لیز پر دی جائے اور انہیں بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں تاکہ وہ زراعت کی جانب راغب ہوں۔اگر نوجوانوں کو مناسب مراعات، جدید تربیت اور مالی سہولتیں فراہم کی جائیں تو نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی، خوراک کے تحفظ اور برآمدات میں اضافے کے لیے بروقت فیصلے ناگزیر ہیں بصورت دیگر مستقبل میں ملک کو مزید معاشی اور زرعی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔