راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خالد فاروق قاضی کی قیادت میں ایک وفد نے رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور
آر سی سی آئی کے وفد کی رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف سے ملاقات

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 13 جولائی (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خالد فاروق قاضی کی قیادت میں ایک وفد نے رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، کاروباری برادری کو درپیش مسائل، بالخصوص صوبائی ٹیکسز، انڈر پاسز کی جلد تکمیل اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں آر سی سی آئی کے سابق صدور ڈاکٹر حسن سروش اکرم، سید اسد مشہدی، راجہ عامر اقبال اور ثاقب رفیق کے علاوہ چیمبر کے اراکین اکرام عباسی، حاجی ممتاز اور حاجی مسعود بھی شامل تھے۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دے کر کاروبار دوست ماحول قائم کیا جائے، معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور تاجروں و صنعتکاروں کو درپیش مسائل کا مؤثر حل یقینی بنایا جائے۔
رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے بھرپور انداز میں رابطہ کریں گے اور ان معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھائیں گے۔آر سی سی آئی کے وفد نے راجہ محمد حنیف کی کاروباری برادری کے مسائل میں دلچسپی اور تعاون کے عزم کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے منتخب نمائندوں اور پالیسی ساز اداروں کے ساتھ اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔







