آم کے باغات کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے سفارشات جاری

ملتان۔ 25 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے آم کے باغات کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے سفارشات جاری کر دیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق آم کی فصل کو سردی کے نقصانات سے بچانے کیلئے باغبان پانی کا چھڑکاؤ کریں جو زمین کی نمی کوبرقراررکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے تاہم اگرزمین میں وتر موجود ہو تو آبپاشی کی ضرورت نہیں ہے۔ آم کے چھوٹے پودوں کو …

ملتان۔ 25 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے آم کے باغات کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے سفارشات جاری کر دیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق آم کی فصل کو سردی کے نقصانات سے بچانے کیلئے باغبان پانی کا چھڑکاؤ کریں جو زمین کی نمی کوبرقراررکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے تاہم اگرزمین میں وتر موجود ہو تو آبپاشی کی ضرورت نہیں ہے۔ آم کے چھوٹے پودوں کو شیشم کے چھاپوں یا پلاسٹک شیٹ سے ڈھا نپ کر بھی سردی کے اثرات سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، آم کے درختوں کے نیچے دھواں کرنے سے سردی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔باغات میں درختوں کی چھتری کے نیچے 80 سے 100 کلو گرام نامیاتی مواد، مثلاً گلا سڑاگوبر بکھیریں۔آم کے درختوں پر قبل از وقت یعنی موسم سرما میں نکلنے والے بور کو روکنے کیلئے آبپاشی کا روکنا ضروری ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ اگر پھل توڑنے کے فوراًبعد فاسفورس اور پوٹاش کی کھاد کا استعمال نہیں کیا گیا تو دسمبر کے مہینہ میں گلی سڑی گوبر کے ساتھ ملا کر استعمال کرلیں۔پودوں کو ٹھنڈی ہواؤں سے بچانے کے لیے چاروں اطراف حفاظتی شیلڈ لگانا ضروری ہے تاکہ درختوں کی جڑیں محفوظ رہیں۔ کورے کے نقصان سے بچنے کیلئے درختوں کے تنوں پر بورڈیکس مکسچرپیسٹ کا استعمال کریں یا محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب جراثیم کش زہرکا پیسٹ لگائیں۔باغبان آم کے تیلے کے تدارک کیلئے درختوں کےموٹے ٹہنوں پر مناسب کیڑے مارزہرکا سپرے کریں تاکہ درختوں کی چھال میں چھپے آم کےتیلے کا خاتمہ ہو سکے۔

اس کے علاوہ آم کی گدھیڑی کو پودوں پر چڑھنے سے روکنے کیلئے تنوں پر پھسلن والے پھندے(پلاسٹک شیٹ) لگانے کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیں تاکہ گدھیڑی کے نقصانات سے بچا جا سکے۔