فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ائیر کوالٹی صحت مند نسلوں کیلئے ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت ، ڈبلیو ڈبلیو ایف اور نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اشتراک سے ائیر کوالٹی اور پبلک ہیلتھ بارے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کی
ائیر کوالٹی صحت مند نسلوں کیلئے ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت،ڈبلیو ڈبلیو ایف اور نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا ہوگا،چیمبر صدر

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 09 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ائیر کوالٹی صحت مند نسلوں کیلئے ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت ، ڈبلیو ڈبلیو ایف اور نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اشتراک سے ائیر کوالٹی اور پبلک ہیلتھ بارے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیصل آباد چیمبر کا تعارف پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہے لیکن اب چیمبر شہر کے بنیادی ڈھانچہ، شہری مسائل، سی ایس آر، سیلاب کے دوران متاثرین کی مدد کرنے کے علاوہ فیصل آباد میں نئے ائیر پورٹ اور دیگر ضروریات پر بھی آواز اٹھا رہا ہے، اِس لیے ہم بجا طور پر کہ سکتے ہیں کہ فیصل آباد چیمبر اس علاقہ کی ایک کروڑ کی آبادی کی نمائندگی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف مسائل کی نشاندہی نہیں کرتے بلکہ ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے ذریعے اُن کے قابل عمل حل بھی پیش کرتے ہیں۔ چیمبر نے بجٹ کیلئے بھی سفارشات پیش کیں جن میں سے کئی کو بجٹ کا حصہ بنا لیا گیا جبکہ بقیہ کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔
ائیر کوالٹی کو انہوں نے آئندہ نسلوں کی صحت کیلئے ضروری قرار دیا اور واضح کیا کہ آلودگی میں صنعتوں کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ سب سے زیادہ ذمہ دار ٹرانسپورٹ کا شعبہ ہے۔ انہوں نے صاف ہوا کیلئے اندرون شہر سے صنعتوں کی منتقلی بارے مفاہمتی یادداشت کا ذکر کیا۔ اس طرح چیمبر کے نائب صدر انجینئر عاصم منیر کی درخواست پر دو سموگ گنیں فیصل آباد کو مل گئی ہیں۔ ورکشاپ کے دوران ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے صحت پر آلودہ ہوا کے اثرات پر لیکچر دیا اور بتایا کہ پاکستان میں ڈیڑھ سے اڑھائی لاکھ لوگ آلودہ ہوا کی وجہ سے مرتے ہیں۔ یونیورسٹی آف پنجاب کے ڈاکٹر زعیم بن بابر نے انرجی پالیسی انسٹیٹیوٹ آف شکاگو کی طرف سے اس بار ے میں شروع کئے جانے والے منصوبے پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہوا کی مانیٹرنگ کیلئے فیصل آباد میں دس سنسر لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کا شمار آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے جس کے باسی 70فیصد دن گندی ہوا میں سانس لیتے ہیں۔ پلمونانوجسٹ ڈاکٹر استخار، ڈبلیو ڈبلیو ایف کے علی امجد اور ہارو ن یونس نے بھی خطاب کیا جبکہ مہمانوں کا شکریہ نائب صدر انجینئرعاصم منیر نے ادا کیا۔ آخر میں صدر فاروق یوسف شیخ نے ڈبلیو ڈبلیو ایف۔پاکستان فیصل آباد کے پراجیکٹ کو آرڈی نیٹر محمد ہارون یونس کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔








