اخبارات علم میں وسعت پیدا کرنے، حالاتِ حاضرہ کے پس منظر کو سمجھنے اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہی کا مؤثر ذریعہ ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا مطالعہ اخبارات کے قومی دن پر پیغام

اخبارات علم میں وسعت پیدا کرنے، حالاتِ حاضرہ کے پس منظر کو سمجھنے اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہی کا مؤثر ذریعہ ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا مطالعہ اخبارات کے قومی دن پر پیغام

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام بالخصوص نوجوان نسل کی اخبارات کے مطالعہ کی عادت اپنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات واقعات کی خبروں کے علاوہ علم میں وسعت پیدا کرنے، حالاتِ حاضرہ کے پس منظر کو سمجھنے اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہی کا مؤثر ذریعہ ہیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مطالعہ اخبارات کے قومی دن پر اخبارات اور شعبہ صحافت سے وابستہ تمام صحافی اور صحافی تنظیموں بالخصوص آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے ممبران اور اخبارات کے قارئین کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات ہماری قومی زندگی کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی پہلوؤں کی عکاسی کرتے ہیں اور ایک باشعور معاشرے کی تشکیل میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تاریخ کے مختلف ادوار میں اخبارات نے شعور و آگاہی کے فروغ، رائے عامہ کی تشکیل اور عوام کو مستند معلومات اور متنوع نقطہ نظر تک رسائی فراہم کرنے میں قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تحریکِ آزادی کے دوران بھی اخبارات نے برصغیر کے مسلمانوں کی مؤثر آواز بن کر سیاسی شعور اور اتحاد کے فروغ میں بھرپور حصہ ڈالا، قیامِ پاکستان کے بعد بھی صحافت نے جمہوریت کے استحکام، شفافیت کے فروغ اور قومی و بین الاقوامی اہمیت کے امور سے شہریوں کو باخبر رکھنے کی قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دور حاضر میں ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا نے خبروں تک ہماری رسائی اور ان کے حصول کے طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے تاہم اخبارات کی افادیت آج بھی برقرار ہے، موجودہ پس منظر میں جہاں جعلی خبریں، غلط معلومات اور گمراہ کن اطلاعات تیزی سے پھیل سکتی ہیں، معیاری صحافت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات میں مستند ادارتی نظام قارئین کو تحقیق و تصدیق پر مبنی خبریں، تجزیے اور باخبر نقطہ نظر فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مدیران، صحافیوں، فوٹوگرافروں، پریس ورکرز اور شعبۂ اخبارات سے وابستہ تمام افراد کی قومی خدمت اور مسلسل محنت و لگن کو سراہا۔

مزید خبریں