اداکار و کامیڈین شہنشاہ ظرافت منور ظریف کی وفات کو 50 برس مکمل
اداکار و کامیڈین شہنشاہ ظرافت منور ظریف کی وفات کو 50 برس مکمل

مزید خبریں
ملتان۔ 29 اپریل (اے پی پی):پاکستان کے لیجنڈ اداکار و کامیڈین منور ظریف کی وفات کو آج 50 برس مکمل ہو گئے، مگر ان کی بے مثال مزاحیہ اداکاری اور برجستہ انداز آج بھی شائقین کے دلوں میں تازہ ہے۔
گوجرانوالہ میں پیدا ہونے والے منور ظریف نے 1960 کی دہائی کے اوائل میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی منفرد صلاحیتوں کے باعث بہت کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا۔اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا اور ہر کردار کو اپنی فطری اداکاری سے یادگار بنا دیا۔
نامور اداکار نیر اعجاز نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ منور ظریف کی خاص بات صرف مزاح تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ اپنی فطری صلاحیتوں کے ذریعے ہر منظر پر چھا جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے باکمال فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں،منور ظریف کو مکالموں کی کم ضرورت پڑتی تھی کیونکہ وہ اپنی برجستگی سے فوری طور پر ہنسی پیدا کر دیتے تھے۔ واضح رہے کہ منور ظریف 29 اپریل 1976 کو کم عمری میں انتقال کر گئے تھے۔








