اساتذہ صرف نسلیں نہیں، قوموں کا مستقبل تعمیر کرتے ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کے معمار ہیں جو نئی نسل کو صرف علم ہی نہیں بلکہ کردار، نظم و ضبط، سوچنے کی صلاحیت اور خود اعتمادی بھی فراہم کرتے ہیں۔یومِ اساتذہ کے موقع پر نارووال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ہر کامیابی کے پیچھے کسی نہ کسی …

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کے معمار ہیں جو نئی نسل کو صرف علم ہی نہیں بلکہ کردار، نظم و ضبط، سوچنے کی صلاحیت اور خود اعتمادی بھی فراہم کرتے ہیں۔یومِ اساتذہ کے موقع پر نارووال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ہر کامیابی کے پیچھے کسی نہ کسی استاد کی محنت، رہنمائی اور تربیت شامل ہے۔ انہوں نے ملک بھر کے اساتذہ بالخصوص محدود وسائل میں نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں مصروف اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ امن، تعلیم اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، امن بچوں کو سیکھنے کا موقع دیتا ہے، تعلیم نوجوانوں کے لئے امکانات پیدا کرتی ہے جبکہ ترقی خاندانوں کو بہتر مستقبل کی امید فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول، کالج اور جامعات پاکستان کے مستقبل کی بنیاد ہیں تاہم کسی بھی تعلیمی ادارے کو حقیقی معنوں میں عظیم اس کے اساتذہ بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، خودکار ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی دنیا کو تیزی سے تبدیل کر رہے ہیں، اس لئے تعلیمی نظام کو بھی مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، طلبہ کو صرف امتحانات پاس کرنے کے لئے نہیں بلکہ آنے والے برسوں کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ میں سوال کرنے، تحقیق کرنے، شواہد پرکھنے اور مسائل کے حل کی صلاحیت پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی جماعتیں قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں تجسس کی حوصلہ افزائی ہو، کوشش کی قدر ہو اور غلطی کو سیکھنے کا ذریعہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کے استاد کو خود بھی زندگی بھر سیکھنے کا عمل جاری رکھنا ہوگا، تدریس کے نئے طریقوں، جدید ٹیکنالوجی اور نئی دریافتوں سے آگاہی اساتذہ کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا اہم حصہ ہے۔احسن اقبال نے مصنوعی ذہانت کے دانشمندانہ اور ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی طلبہ کے لئے سیکھنے کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے تاہم انہیں معلومات کی تصدیق، تنقیدی سوچ اور اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنا بھی سکھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی جواب فراہم کر سکتی ہے لیکن استاد نوجوان کو سوال سمجھنے اور درست جواب کا انتخاب کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف ہنر مند افراد پیدا کرنا نہیں بلکہ باکردار شہری تیار کرنا بھی ہے، دیانت، ہمدردی، فرض شناسی، دوسروں کے احترام اور شہری ذمہ داریوں کا شعور نئی نسل کی تربیت کا لازمی حصہ ہونا چاہئے۔وفاقی وزیر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ہر بچے کو آگے بڑھنے کا منصفانہ موقع دیں اور ان طلبہ کی خصوصی حوصلہ افزائی کریں جو غربت، گھریلو مشکلات یا خود اعتمادی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بچے کی موجودہ مشکل کو اس کی صلاحیت کی آخری حد نہیں سمجھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے اعتماد دینا اور کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کے بچوں کو یہ یقین دلانا ضروری ہے کہ مواقع پر ان کا بھی برابر حق ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم کو عملی زندگی سے جوڑنے کی ضرورت ہے تاکہ طلبہ اپنے اردگرد کے مسائل کا مشاہدہ، تحقیق اور حل تلاش کرنے کی صلاحیت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اُڑان پاکستان کے تحت برآمدات، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تحفظ، بنیادی ڈھانچے اور منصفانہ ترقی کے اہداف انسانی صلاحیتوں کے فروغ سے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے حکومت اور تعلیمی قیادت کو اساتذہ کو مناسب تدریسی مواد، سہولیات، عملی تربیت اور پیشہ وارانہ معاونت فراہم کرنا ہوگی، نصاب، اساتذہ کی تربیت اور امتحانی نظام کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم استاد سے تخلیقی صلاحیت پیدا کرنے کا تقاضا کریں لیکن امتحانی نظام میں صرف رٹے کو ترجیح دیں تو یہ متضاد پیغام ہوگا، تعلیمی اصلاحات کا اصل مقصد انفرادی جماعت اور طالب علم تک مؤثر انداز میں پہنچنا ہونا چاہئے۔

احسن اقبال نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ہر طالب علم میں موجود صلاحیت کو پہچانیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ استاد کے چند حوصلہ افزا الفاظ کسی بچے کی زندگی کا رخ بدل سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ممکن ہے طلبہ استاد کا پڑھایا ہوا کوئی مخصوص سبق بھول جائیں لیکن وہ اس استاد کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں جس نے ان کی بات سنی، ان کے ساتھ انصاف کیا اور انہیں خود پر یقین کرنا سکھایا۔انہوں نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نارووال کی ہر جماعت ایسی جگہ ہونی چاہئے جہاں صلاحیت دریافت ہو، کردار مضبوط ہو اور امید کو نئی زندگی ملے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اساتذہ کی تربیت یافتہ نسل ایک ایسا پاکستان تعمیر کرے گی جو اپنی شناخت پر پُراعتماد، اپنے کام میں باصلاحیت، اپنے لوگوں کے لئے شفیق اور دنیا میں باعزت مقام کا حامل ہو۔وفاقی وزیر نے یومِ اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک بالخصوص نارووال کی ترقی اور پاکستان کی سربلندی کے لئے دعا بھی کی۔

مزید خبریں