اساتذہ قوم کے معمار اور نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کے ضامن ہیں، سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ، باشعور اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے، اساتذہ نئی نسل کو علم و شعور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ان کی قومی ذمہ داریوں اور فرائض سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو قدر و احترام کی …

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ، باشعور اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے، اساتذہ نئی نسل کو علم و شعور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ان کی قومی ذمہ داریوں اور فرائض سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر کیاجو ہر سال دنیا بھر میں 5 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے اور اس مقصد کے حصول میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے پیشِ نظر اساتذہ کو جدید تعلیمی نظام، ٹیکنالوجی اور تحقیق سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ سازگار تدریسی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایک مضبوط تعلیمی نظام کے ذریعے باشعور، تعلیم یافتہ اور باصلاحیت معاشرے کی تشکیل ممکن ہے، جو ملک کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان اساتذہ کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کے لیے بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ اساتذہ علم کی روشنی پھیلانے اور معاشرے کی فکری و اخلاقی بنیاد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور ان کے احترام کا فروغ ایک مہذب اور تعلیم دوست معاشرے کی پہچان ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو عالمی یومِ اساتذہ پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور رہنمائی نئی نسل کی کامیابی اور ملک کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔

مزید خبریں