اساتذہ کی عزت، وقار اور معاشی تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ندیم افضل چن

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں۔اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں ندیم افضل چن نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل سے ہی ممکن ہے، اساتذہ کو درپیش معاشی مشکلات کا فوری ازالہ ضروری ہے، اساتذہ کو بروقت تنخواہوں، مراعات اور دیگر جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اساتذہ کی عزت، وقار اور معاشی تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدید تعلیمی سہولیات پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اساتذہ کو بہتر ماحول فراہم کیے بغیر تعلیمی معیار میں بہتری ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو غیر تدریسی ذمہ داریوں سے نجات دلائی جائے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اساتذہ کے سروس اسٹرکچر اور ترقی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تعلیم اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کو اہمیت دی ہے، اساتذہ کی فلاح و بہبود دراصل آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے جائز مطالبات سن کر عملی اقدامات کرے، اساتذہ کو بااختیار اور مطمئن کیے بغیر مضبوط تعلیمی نظام تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اساتذہ کو درپیش مسائل کا حل اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔