اساتذہ کی محنت اور قربانیاں پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں، بلاول بھٹو زرداری کا اساتذہ کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اساتذہ کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کی محنت اور قربانیاں پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اساتذہ کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کی محنت اور قربانیاں پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔

عالمی یومِ اساتذہ پر ملک بھر کے اساتذہ کے نام اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ استاد صرف نصاب نہیں پڑھاتا بلکہ شاگردوں میں شعور اور سوال کرنے کی ہمت پیدا کرتا ہے، اساتذہ نئی نسل میں بہتر معاشرہ تشکیل دینے کی صلاحیت بھی پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو احترام، مناسب سہولیات، پیشہ ورانہ آزادی اور سازگار ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، معیاری تعلیم اور اساتذہ کی فلاح و بہبود پر توجہ ملک کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اساتذہ، بالخصوص نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں منصفانہ اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے ملازمت کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے لیے مؤثر میکنزم بنایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اساتذہ کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہمیشہ پیپلز پارٹی کی بنیادی ترجیحات میں شامل رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 1973ء کے آئین نے تعلیم کو بنیادی حق قرار دیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہر بچے کو بلاامتیاز یکساں اور معیاری تعلیم کی فراہمی تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ادوارِ حکومت میں تعلیمی اداروں کا قیام اور فروغ ہمیشہ ترجیح رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اساتذہ کی خدمات اور جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اساتذہ کے حقوق، مسائل کے حل اور پیشہ ورانہ وقار کے لیے پیپلز پارٹی ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی۔