اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ کی عالمی کانفرنس میں حافظ طاہر محمود اشرفی کو اعزازی شیلڈ پیش

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت اور تحقیقی مقالہ پیش کرنے پر اعزازی شیلڈ پیش کی گئی

مدینہ منورہ۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت اور تحقیقی مقالہ پیش کرنے پر اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔عالمی کانفرنس کا موضوع ’’فکری انحرافات کا مقابلہ کرنے میں مملکت سعودی عرب کی کاوشیں‘‘ تھا۔ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو اعزازی شیلڈ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر اور سعودی عرب کی مجلسِ کبار علماء کے رکن شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشثری نے پیش کی۔اس موقع پر شیخ عبدالرحمن السدیس نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی اسلام اور مسلمانوں کے لئے خدمات کو سراہا اور ارضِ حرمین شریفین کی سلامتی، استحکام اور تقدس کے تحفظ کے لئے ان کے مستقل اور واضح مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے مؤقف اور خدمات کو بھی سراہا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعزاز پر اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ اور سعودی علماء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ارضِ حرمین شریفین سے محبت، اس کے امن و استحکام کا تحفظ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لئے جدوجہد دینی اور قومی ذمہ داری ہے.