اسلامی یونیورسٹی کا طلبہ کو بہتر رہائشی، تعلیمی اور معاون سہولیات کی فراہمی کے لئے ہاسٹلز کی اپ گریڈیشن اور دیگر اقدامات کا سلسلہ جاری

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ کو بہتر رہائشی، تعلیمی اور معاون سہولیات کی فراہمی کے لئے ہاسٹلز کی اپ گریڈیشن اور دیگر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ کو بہتر رہائشی، تعلیمی اور معاون سہولیات کی فراہمی کے لئے ہاسٹلز کی اپ گریڈیشن اور دیگر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جامعہ کے دفترِ ناظم ہاسٹلز اور شعبہ طلبہ امور کے مطابق طلبہ کے ہاسٹلز میں رہائشی ماحول اور دستیاب سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا کام کیا گیا ہے۔ تعمیر و مرمت کے کام کی تکمیل کے بعد تزئین و آرائش شدہ ہاسٹلز میں طلبہ کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ہاسٹل الاٹمنٹ کا عمل دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ جامعہ میں انٹرنیٹ سروس، جو کچھ عرصہ متاثر رہی، انتظامیہ اور شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مسلسل کوششوں سے بحال کر دی گئی ہے اور کیمپس میں فعال ہے۔

انٹرنیٹ کی بحالی سے طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں، تحقیق، رابطے اور دیگر تعلیمی ضروریات کے لئے سہولت میسر آ گئی ہے۔ جامعہ کے مطابق تمام فیکلٹیز اور تعلیمی شعبوں میں تعلیمی سرگرمیاں مقررہ تعلیمی نظام الاوقات کے مطابق جاری ہیں جبکہ متعلقہ تعلیمی و انتظامی دفاتر طلبہ کو سہولیات کی فراہمی اور معاون خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔جامعہ میں طلبہ اور طالبات کے کیمپسز میں ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں بھی جاری ہیں جن میں سیمینارز، آگاہی پروگرامز، کھیلوں کے مقابلے، طلبہ کے مقابلے، تعارفی پروگرامز اور طلبہ سوسائٹیز و کلبز کی مختلف سرگرمیاں شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ اور طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان کی فکری، جسمانی اور سماجی نشوونما کو فروغ دینا ہے۔

 

مزید خبریں