اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن کا ڈپٹی کمشنر کو انتظامات مکمل کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پرامن،کامیاب اور قانون کے مطابق مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کیلئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ وہ ریٹرننگ افسران کیلئے دفاتر، افرادی قوت، دفتری آلات اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائیں، بطور پولنگ سٹاف تعیناتی کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور حکام کی فہرست ریٹرننگ افسران کو فراہم کریں

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پرامن،کامیاب اور قانون کے مطابق مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کیلئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ وہ ریٹرننگ افسران کیلئے دفاتر، افرادی قوت، دفتری آلات اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائیں، بطور پولنگ سٹاف تعیناتی کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور حکام کی فہرست ریٹرننگ افسران کو فراہم کریں۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جاری کئے گئے احکامات میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ بطور پولنگ سٹیشن نوٹیفائی ہونے والی تمام عمارتیں اچھی حالت میں ہونی چاہئیں، کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو ضروری معاونت فراہم کی جائے ، ریٹرننگ افسران کے دفاتر کو پولنگ سے قبل ، پولنگ کے دن اور پولنگ کے بعد کی سرگرمیوں کیلئے مکمل سکیورٹی فراہم کریں، ریٹرننگ افسران کی جانب سے ان کی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں جو بھی مزید کوئی مدد درکار ہو اس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

کمیشن نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی مواد اور پولنگ سٹاف کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے نقل وحمل کیلئے جامع ٹرانسپورٹیشن پلان یقینی بنائیں، انتخابی مواد کی ترسیل کیلئے ریٹرننگ افسران کو مناسب سٹاف فراہم کیا جائے۔ کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی پر الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 55 کے مطابق تحت ضابطہ اور ضروری کارروائی کی جا سکتی ہے ۔