اسلام آباد میں بنگالی موسیقی اور رقص کی رنگا رنگ پرفارمنسز پاکستان اور بنگلہ دیش کے ثقافتی روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار،وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی شرکت
اسلام آباد میں بنگالی موسیقی اور رقص کی رنگا رنگ پرفارمنسز پاکستان اور بنگلہ دیش کے ثقافتی روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار،وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے دیرینہ تاریخی و ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیے بنگلہ دیش کے 15 رکنی ثقافتی وفد نے ہفتے کے روز پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، اسلام آباد میں بنگالی موسیقی اور رقص کی دلکش پرفارمنسز پیش کیں، جنہوں نے حاضرین کو محظوظ اور دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافتی روایات کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے سیکرٹری اسد رحمان گیلانی، سفارتی برادری کے ارکان، اعلیٰ سول و عسکری حکام، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں، طلبہ اور دونوں ممالک کی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے بنگلہ دیش کے فنکاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی روایات، فنون اور اقدار کو سمجھنے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے مؤثر مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیشی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے فنکاروں اور ثقافتی اداروں کے درمیان باہمی دوروں، تخلیقی تجربات کے تبادلے اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن بنگلہ دیش کے ثقافتی وفد کی میزبانی اور ہائی کمشنر سے ملاقات کو اہمیت دیتا ہےکیونکہ ثقافت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے سیکرٹری اسد رحمان گیلانی نے بنگلہ دیشی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے فنکاروں کی جانب سے اپنے ملک کے ثقافتی ورثے کو خوبصورتی سے پیش کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ثقافتی پروگرام فنکاروں اور اداروں کو تجربات کے تبادلے، نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور روایتی فنون کے تحفظ کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے پروگرام کے انعقاد میں بنگلہ دیشی حکام، سفارتی نمائندوں، پی این سی اے کی انتظامیہ اور تکنیکی عملے کے تعاون کو بھی سراہا۔پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی، ادب اور مشترکہ علاقائی روایات دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے بنگلہ دیشی فنکاروں کے پرتپاک استقبال پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والے پروگرام کے دوران گروپ رقص، انفرادی گائیکی اور اجتماعی نغموں پر مشتمل رنگا رنگ پرفارمنسز پیش کی گئیں، جنہیں بھرے ہوئے ہال میں موجود حاضرین نے بھرپور داد دی۔
انفرادی گائیکی کے مظاہرے پیال حسن، محمد ایشا خان ایتھن بابو، محمد جمال الدین ناصر اور نازنین چوہدری نے پیش کئے، جبکہ فرحانہ چوہدری، عبدالراشد سواپن، محبوبہ ماہ نور چاندنی اور غلام مصطفیٰ نے رقص کے ذریعے بنگلہ دیش کی ثقافتی روایات کی عکاسی کی۔موسیقی میں راجو احمد چوہدری نے طبلے، محمد راحت احمد حسن نے سنتھیسائزر، محمد اقبال حسین کھونڈاکر نے گٹار اور شوروو ساہا نے آکٹاپیڈ پر اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔وفد کے بیشتر ارکان پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ملنے والی مہمان نوازی اور ثقافتی ماحول پر خوشی کا اظہار کیا۔ اپنے دورے کے دوران وفد نے محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر (ڈی او اے ایم)، فیصل مسجد اور دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا اور اسلام آباد کے قدرتی حسن اور تاریخی و ثقافتی مقامات کو سراہا۔ اس دورے سے فنکاروں اور حکام کو پاکستان کے ثقافتی ورثے سے آگاہی حاصل کرنے اور باہمی تفہیم کو فروغ دینے کا موقع ملا۔
ثقافتی شام کے موقع پر پی این سی اے کی فوٹوگرافی گیلری میں بنگلہ دیش کے معروف فنکار محمد عبد الستار کی انفرادی فن پاروں کی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ وزیر ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے نمائش کا افتتاح کیا اور عبدالستار کے کام کر سراہا۔ اس نمائش نے بنگلہ دیش کے فنونِ لطیفہ کی عکاسی کرتے ہوئے تقریب کو مزید معنویت بخشی۔بعد ازاں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی جانب سے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی، سیکرٹری اسد رحمان گیلانی، وزارت کے دیگر حکام اور بنگلہ دیشی ثقافتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے تاریخی و ثقافتی روابط اور دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متوقع مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ اور فنکاروں کی پرفارمنسز دونوں ممالک کے فنکاروں اور ثقافتی اداروں کے درمیان مزید باقاعدہ تبادلوں کی بنیاد بنیں گی۔سیکرٹری اسد رحمان گیلانی نے بنگلہ دیشی مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست فضائی رابطوں سے سفر میں آسانی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔عشائیے کے موقع پر خیرسگالی اور دوستی کے اظہار کے طور پر وفاقی وزیر اور سیکریٹری نے مہمانوں کی یادگاری کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے اور بنگلہ دیش کے لیے نیک تمناؤں، ثقافتی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔








