اسلام آباد میں پانچ ایس ڈی پی اوز کی کھلی کچریاں، شہریوں کے مسائل سنے گئے

اسلام آباد میں پانچ ایس ڈی پی اوز کی کھلی کچریاں، شہریوں کے مسائل سنے گئے

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):پانچ سب ڈویژنل پولیس افسران (ایس ڈی پی اوز) نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اپنے دفاتر کے باہر کھلی کچریاں لگائیں، جن میں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے گئے۔پولیس حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ یہ کھلی کچریاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی پی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کے اس وژن کے تحت منعقد کی گئیں جس کا مقصد شہریوں کو پولیس افسران تک آسان رسائی فراہم کرنا اور بروقت داد رسی کو یقینی بنانا ہے۔

یہ کھلی کچریاں ایس ڈی پی او کوہسار کیپٹن (ریٹائرڈ) نوشیروان احسن منہاس، ایس ڈی پی او رمنا فیاض رانجھا، ایس ڈی پی او سہالہ علی بن رضوان، ایس ڈی پی او گولڑہ محمد جاوید اور ایس ڈی پی او سیکرٹریٹ علی رضا قریشی نے منعقد کیں۔

افسران نے شہریوں کے مسائل اور شکایات کو سنا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے۔اس اقدام کا مقصد پولیس افسران کو شہریوں کے قریب لانا اور انہیں اپنی شکایات کے اظہار اور بروقت داد رسی کے حصول کے لیے ایک براہِ راست پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔