اسلام آباد میں پولی تھین بیگز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 313 کلوگرام بیگز ضبط، 88 دکاندار گرفتار
اسلام آباد میں پولی تھین بیگز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 313 کلوگرام بیگز ضبط، 88 دکاندار گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی کے نفاذ کے لیے ضلعی انتظامیہ نےسخت قانونی کارروائیوں اور بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے، گزشتہ روز کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 313 کلوگرام پولی تھین بیگز ضبط جبکہ 88 دکاندار گرفتار اور 9 دکانیں سیل کر دی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کےمطابق کارروائیاں سنگل یوز پلاسٹک کی ممانعت سے متعلق 2023 کے قانون کے تحت کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ پولی تھین بیگز پر پابندی کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور قدرتی ماحول کا تحفظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز زمین، آبی گزرگاہوں اور شہری ماحول میں دیرپا آلودگی کا سبب بنتے ہیں جبکہ استعمال کے بعد پھینکے گئے پلاسٹک بیگز نالیوں کی بندش اور صفائی کے مسائل میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ پولی تھین بیگز کی فروخت اور فراہمی فوری طور پر بند کریں اور ماحول دوست متبادل اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ صاف اور سرسبز اسلام آباد کے لیے پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے شہریوں اور تاجروں پر زور دیا کہ وہ پولی تھین بیگز پر پابندی کے مؤثر نفاذ میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔







